میہڑ میں گھر کا صفایا، لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری

میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ): میہڑ کی عبداللہ کالونی میں مبینہ چوری کی واردات کے دوران نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ اہل علاقہ نے بھی امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے۔

متاثرہ گھر کے فرد آصف علی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چور رات کی تاریکی میں گھر میں داخل ہوئے اور قیمتی سامان چرا کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ واردات میہڑ پولیس کی مبینہ غفلت اور ناقص گشت کے باعث پیش آئی۔

متاثرین کے مطابق چور گھر سے تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کا سونے کا سیٹ، 35 ہزار روپے نقدی، ایک موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لے گئے۔ واقعے کے بعد اہل خانہ نے چوری شدہ سامان کی تلاش کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت بھی کوششیں شروع کر دیں۔

متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

نوٹ: اس خبر میں میہڑ پولیس سے متعلق الزامات متاثرہ خاندان کے مؤقف پر مبنی ہیں۔ پولیس یا متعلقہ حکام اپنا مؤقف دینا چاہیں تو ادارہ اسے بھی شائع کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے