خیبر پولیس کی بڑی کامیابی، کیبل چوری گینگ سے لاکھوں روپے، تانبہ اور مشینری برآمد

جمرود (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایت پر جمرود پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹیلی فون کمپنی کی کیبلز چوری کرنے والے ایک منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران گینگ کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے چوری شدہ کیبلز فروخت کرکے حاصل کی گئی رقم، تانبہ، ہیوی مشینری اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جمرود کے مختلف علاقوں میں رات کی تاریکی میں ٹیلی فون کمپنی کی کیبلز چوری ہونے کے مسلسل واقعات سامنے آ رہے تھے، جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او کی خصوصی ہدایات پر ایس پی جمرود سرکل بادشاہ خان اور ایس ایچ او جمرود صدیق خان کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او زبیر علی، رفیع اللہ، بخت منیر، افسر خان اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جدید تفتیشی طریقہ کار، انٹیلی جنس معلومات اور خفیہ نگرانی کے ذریعے مختلف علاقوں میں مسلسل چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔

کامیاب آپریشن کے دوران پولیس نے کیبل چوری میں ملوث گینگ کا سراغ لگا کر اس کے دو اہم ارکان نعمت ولد مینہ گل، سکنہ ورسک روڈ پشاور، اور سمیع الحق عرف جنکے ولد عبدالحادی، سکنہ افغانستان، حال پشاور، کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ ٹیلی فون کیبلز فروخت کرکے حاصل کی گئی 5 لاکھ 50 ہزار روپے نقد رقم، کیبلز سے نکالا گیا قیمتی تانبہ (کاپر)، وارداتوں میں استعمال ہونے والی ہیوی مشینری، ایک شاہ زور گاڑی، موٹر کار اور دیگر آلات برآمد کرکے قبضہ پولیس میں لے لیے گئے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے جمرود اور اس کے گردونواح میں ٹیلی فون کمپنی کی کیبلز چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد نے کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر، چوروں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قومی املاک کی حفاظت اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے