بڑا گھر قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم پولیس تحویل میں

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/کرائم رپورٹر سلمان قیوم) تھانہ بڑا گھر کے علاقے میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ننکانہ صاحب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل اور ایس ایچ او تھانہ بڑا گھر پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ واقعے کی حساسیت کے پیش نظر کرائم سین یونٹ اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیموں کو بھی طلب کیا گیا، جنہوں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ فرانزک شواہد اور دیگر حقائق کی روشنی میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ قتل کی وجوہات اور تمام حقائق منظر عام پر لائے جا سکیں۔

ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے اور شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

مزید تفتیش اور فرانزک رپورٹ کے بعد کیس کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے