قوم سپاہ کے متاثرین کی واپسی پر کوئی اعتراض نہیں، رجسٹریشن کا مسئلہ ضلعی انتظامیہ سے حل کرائیں گے، بریگیڈ کمانڈر

خیبر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار نورحلیم آفریدی): تیراہ کے علاقوں سنڈا پال، درے نغری، دروٹہ اور خاپور کے متاثرین کی رجسٹریشن، واپسی اور دیگر مسائل کے حوالے سے قوم سپاہ کے مشران پر مشتمل وفد نے وادی تیراہ میدان میں 27 بریگیڈ کمانڈر سے اہم ملاقات کی، جس میں متاثرین کو درپیش مسائل اور ان کی واپسی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران قوم سپاہ کے مشران نے بریگیڈ کمانڈر کو بتایا کہ قوم سپاہ کے مذکورہ علاقوں کے عوام کو 2023ء میں صرف 15 دن کی مہلت دے کر اپنے علاقوں سے نقل مکانی کرنے کا کہا گیا تھا، تاہم تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود ان متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں ہوسکا اور نہ ہی انہیں کوئی خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا گیا۔

قومی مشران نے بتایا کہ سنڈا پال، درے نغری، دروٹہ اور خاپور کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔ ان علاقوں میں سرکاری سکولوں اور صحت کے مراکز کا نام و نشان نہیں، جس کے باعث مقامی آبادی خصوصاً بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے، انہیں ضروری ریلیف فراہم کیا جائے اور اپنے علاقوں میں واپسی کے حوالے سے درپیش مسائل حل کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندان اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد ہوسکیں۔

قومی مشران کے مطالبات کے جواب میں 27 بریگیڈ کمانڈر نے کہا کہ وادی تیراہ میدان کی دیگر اقوام کی طرح قوم سپاہ کے سنڈا پال، درے نغری، دروٹہ اور خاپور کے متاثرین کو بھی فورسز کی جانب سے اپنے علاقوں میں واپس آنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

بریگیڈ کمانڈر نے مزید کہا کہ متاثرین کی رجسٹریشن کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرکے ممکنہ حل نکالا جائے گا تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں موجود رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔

ملاقات کے دوران بریگیڈ کمانڈر نے قوم سپاہ کے ان علاقوں کے بچوں کے لیے ایک سرکاری سکول دینے کا بھی اعلان کیا، جسے قومی مشران نے اہم پیش رفت قرار دیا۔

ملاقات میں قومی مشران میں حاجی جمرگل، حاجی آلہ ماش، حاجی ملک خان، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے تراب علی خان اور قاضی فرمان شامل تھے۔ وفد نے متاثرین کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے یقین دہانی کرانے پر بریگیڈ کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے