ایران کا دعویٰ، ‘آپریشن نصر 2’ کے تحت بحرین میں ایمازون کے مرکزی ڈیٹا انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا
تہران:(کیواین این ورلڈ) ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسداران انقلاب) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امریکی کمپنی ایمازون کے مرکزی ڈیٹا انفراسٹرکچر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ‘آپریشن نصر 2’ کی 24ویں لہر کے تحت کی گئی، جسے ایرانی حکام نے امریکی فوج کی جانب سے دارخوین میں زیرِ تعمیر اور غیر فوجی تنصیبات پر مبینہ حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایرانی ایرو اسپیس فورس کے اہلکاروں نے بحرین میں واقع ایمازون کے مرکزی ڈیٹا سینٹر پر متعدد کروز میزائل داغے، جن کے نتیجے میں یہ تنصیب مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ حملہ اپنے تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد امریکی مفادات کو نشانہ بنانا تھا اور اگر ایران پر حملے جاری رہے تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔