ایران کا دعویٰ، ‘آپریشن نصر 2’ میں اردن میں امریکی فضائی دفاعی نظام اور F-15 طیارہ نشانہ بنا دیا گیا
تہران:(کیو این این ورلڈ) ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسداران انقلاب) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کرکے امریکی میزائل دفاعی ریڈار سسٹم اور ایک F-15 جنگی طیارے کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ‘آپریشن نصر 2’ کی 24ویں لہر کے دوران کی گئی، جسے ایرانی حکام نے امریکی حملوں کے جواب میں انجام دیا گیا آپریشن قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایرانی ایرو اسپیس فورس نے اردن میں قائم امریکی فوجی تنصیب پر میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہاں نصب میزائل دفاعی ریڈار سسٹم تباہ ہو گیا۔ پاسداران کے مطابق اسی حملے کے دوران ایک امریکی F-15 جنگی طیارے کو اس کے ہینگر کے اندر ہی نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق اس کارروائی کا مقصد امریکی فضائی دفاعی نظام کو کمزور کرنا، دشمن کے ریڈار نیٹ ورک کو ناکارہ بنانا اور مستقبل میں وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون کارروائیوں کے لیے راستہ ہموار کرنا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران خطے میں امریکی فوجی موجودگی کو اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے اور اگر امریکی حملے جاری رہے تو اس نوعیت کی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ امریکی "جارحیت پسند افواج” کے لیے محفوظ خطہ نہیں رہا، اور مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے امریکی فوج کو خطہ چھوڑ دینا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) یا اردن کی حکومت کی جانب سے تاحال ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی امریکی ریڈار سسٹم یا F-15 جنگی طیارے کو نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔