قطر ایران اور حماس کی حمایت کرتا ہے، اقتدار میں آیا تو اسے دشمن ریاست قرار دوں گا: نفتالی بینیٹ
تل ابیب:(کیواین این ورلڈ) اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوئے تو قطر کو فوری طور پر دشمن ریاست قرار دیں گے۔
نفتالی بینیٹ نے الزام عائد کیا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو انہیں اطلاعات ملی تھیں کہ قطر ایران کے پاسدارانِ انقلاب اور حماس کی مالی معاونت کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ قطر نے امریکی جامعات میں نوجوان نسل پر اثرانداز ہونے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جس کے نتیجے میں طلبہ میں "From the river to the sea” جیسے نعروں کو فروغ ملا۔
سابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قطر کا اثر و رسوخ مغربی ممالک سے لے کر اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر تک پھیل رہا ہے اور اس کا مقصد اسرائیل کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو قطر کو فوری طور پر دشمن ریاست قرار دیں گے۔
واضح رہے کہ نفتالی بینیٹ ماضی میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جماعت سے وابستہ رہے اور ان کے چیف آف اسٹاف بھی رہے۔ بعد ازاں وہ جماعت سے الگ ہو گئے اور 2021 سے 2022 تک اسرائیل کے وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے۔