حلقہ LA-36 جموں 3 میں کانٹے دار مقابلے کی تیاریاں مکمل، 99 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے سلسلے میں حلقہ LA-36 جموں 3 میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کے دوران ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ حلقے میں مجموعی طور پر 13 امیدوار میدان میں ہیں، تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد حسن رضا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار احسن اسماعیل کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

حلقہ LA-36 جموں 3 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 99 ہزار 772 ہے، جن میں 57 ہزار 857 مرد جبکہ 41 ہزار 915 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ووٹرز کی سہولت کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 140 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 17 مردانہ، 17 زنانہ جبکہ 106 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ اسی طرح ووٹنگ کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 265 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلعی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حلقے میں 1900 سے زائد پولیس اہلکار، افسران اور ایلیٹ فورس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں جو پولنگ اسٹیشنوں، حساس مقامات اور انتخابی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کریں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شفاف، پرامن اور منظم انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ ووٹرز سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے پرامن ماحول برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے