سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ شاہد ریاض) ڈسکہ کے نواحی علاقے فضل آباد کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار نامعلوم کار نے موٹرسائیکل سوار شہری اور اس کے دو بیٹوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ باپ اور ایک بیٹا زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ موترہ کی حدود میں واقع فضل آباد کے قریب آصف نامی شہری اپنے دو بیٹوں آیان اور رافع کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ اسی دوران ایک تیز رفتار نامعلوم کار نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ تینوں افراد سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے نتیجے میں 16 سالہ آیان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کے والد آصف اور بھائی رافع زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال منتقل کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد کار سوار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ موترہ پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ دار ڈرائیور کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ واقعے پر اہل علاقہ اور لواحقین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔