اسرائیل جانے والی پرواز میں مبینہ حملہ، حمام الحَمّامی کو سخت ترین سزا کا سامنا
تل ابیب (کیو این این ورلڈ) اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے فلائی دبئی کے شریک پائلٹ حمام الحَمّامی کو مبینہ طور پر طیارہ گرانے اور مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں سزائے موت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ کے مطابق ایک سینئر اماراتی ذریعے نے بتایا کہ حمام الحَمّامی کے خلاف طیارے میں سوار افراد کو ہلاک کرنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں کارروائی کی جا رہی ہے اور اسے ممکنہ طور پر سخت ترین سزا کا سامنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکار بھی واقعے کی تحقیقات میں معاونت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں، تاہم ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعے کے پس منظر میں بتایا گیا ہے کہ دبئی سے اسرائیل جانے والی ایک پرواز کے دوران ایک پائلٹ نے مبینہ طور پر دوسرے پائلٹ پر چاقو سے حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔ پرواز میں مجموعی طور پر 174 مسافر سوار تھے، جن میں 169 اسرائیلی شہری بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق طیارے میں موجود مسافروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے مبینہ حملہ آور پائلٹ کو قابو کرلیا، جس کے بعد ایئرلائن کے چند آف ڈیوٹی پائلٹس نے کاک پٹ میں پہنچ کر طیارے کا کنٹرول سنبھالا۔
بعد ازاں طیارے کو بحفاظت سعودی عرب میں اتار لیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ شریک پائلٹ کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی اور سزائے موت سے متعلق اطلاعات فی الحال اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس تک محدود ہیں۔