منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ / جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی)منڈی بہاؤالدین میں ٹریفک کا نظام بدستور شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے، شہر کے اہم اور مصروف مقامات بالخصوص جیل چوک پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنا اور ٹریفک جام ہونا معمول بنتا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف چوکوں اور مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔ ٹریفک کی بے ہنگم صورتحال کے باعث موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں، گاڑیوں کے مالکان اور پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے چالان کرنے میں تو سرگرم دکھائی دیتے ہیں، تاہم ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مصروف شاہراہوں کو کلیئر کروانے کے لیے عملی اقدامات نظر نہیں آتے۔ ایک طرف ٹریفک اہلکار چالان کرنے میں مصروف رہتے ہیں تو دوسری جانب شہری ٹریفک جام میں پھنس کر اذیت برداشت کرتے ہیں۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جیل چوک سمیت شہر کے دیگر مصروف مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا آخر کس ادارے کی ذمہ داری ہے؟ کیا ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کر رہی ہیں یا شہریوں کو اسی طرح ٹریفک کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا؟
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منڈی بہاؤالدین میں ٹریفک کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے، سڑکوں اور چوکوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، ٹریفک قوانین پر یکساں عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور جیل چوک سمیت شہر کے تمام مصروف مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کی مؤثر ڈیوٹیاں لگائی جائیں تاکہ شہریوں کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔