پشاور (کیو این این ورلڈ)گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کی مجموعی صورتحال اور شعبہ صحت میں جاری و مجوزہ اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی ایڈوائزرز، اعلیٰ سول افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے شرکاء کو صوبے میں صحت کی سہولیات، سرکاری اسپتالوں کو درپیش مسائل اور اصلاحاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں صوبے کی مجموعی آبادی، طبی عملے کی دستیابی، اسپتالوں میں بستروں کی تعداد، ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات اور بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی سمیت مختلف اہم امور کا جائزہ پیش کیا گیا۔ بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کی مجموعی آبادی تقریباً 3 کروڑ 18 لاکھ 90 ہزار ہے، جس میں 81 فیصد آبادی دیہی جبکہ 19 فیصد شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔
محکمہ صحت کے تحت مجموعی طور پر 30 ہزار 697 ہیلتھ کیئر ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 8 ہزار 24 ڈاکٹرز، 3 ہزار 970 نرسز، 8 ہزار 252 پیرامیڈیکس اور 10 ہزار 451 لیڈی ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔ صوبے کے سرکاری صحت کے نظام میں مجموعی طور پر 18 ہزار 432 بیڈز دستیاب ہیں، جبکہ عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ہر 10 ہزار آبادی کے لیے 18 بیڈز ہونے چاہئیں۔ بریفنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے اسپتالوں میں بستروں، طبی سہولیات اور انسانی وسائل میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
صحت کے شعبے کے اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ صوبے میں نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات ایک ہزار پیدائشوں میں 42، بچوں کی شرح اموات 53 جبکہ ماؤں کی شرح اموات ایک لاکھ پیدائشوں میں 165 ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات ایک ہزار میں 64 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی (Stunting) کی شرح 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ حفاظتی ٹیکہ جات کی موجودہ کوریج 68 فیصد بتائی گئی، جسے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ ضم شدہ اور نامزد اضلاع میں 71 بنیادی مراکز صحت غیر فعال ہیں، جن کی بڑی وجوہات میں دشوار گزار راستے، طویل فاصلے اور سیکیورٹی کے مسائل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صحت کے نظام کو طبی آلات، ادویات، بستروں اور انسانی وسائل کی کمی، عملے کی غیر حاضری، وسائل کے غیر مؤثر استعمال، ریکارڈ کی عدم دستیابی اور ڈیجیٹل نظاموں کے درمیان رابطے کے فقدان جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری، غیر ضروری ہڑتالوں اور انتظامی بدانتظامی کو بھی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بڑی رکاوٹوں کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران 100 روزہ اصلاحاتی اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جن کے تحت بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی دستیابی یقینی بنانے، خالی آسامیوں کو پُر کرنے، عملے کی ضروریات کے مطابق دوبارہ تعیناتی، ڈیجیٹل رجسٹریشن، اسمارٹ ڈیجیٹل حاضری اور مؤثر احتساب کا نظام متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ادویات کے معیار کی جانچ اور نگرانی کے لیے پانچ موبائل ڈرگ اسکریننگ لیبارٹریز قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج 68 فیصد سے بڑھا کر 78 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بالخصوص نامزد اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے، کمیونٹی سرویلنس، آؤٹ ریچ سروسز، ویکسینیٹرز کی تربیت اور کولڈ چین سسٹم کو مؤثر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (KICH) کو تین مراحل میں فعال کرنے کا منصوبہ بھی بریفنگ کا اہم حصہ تھا۔ پہلے مرحلے میں آؤٹ ڈور اور بنیادی تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں 300 بستروں پر مشتمل ان ڈور سہولیات، بشمول پیڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ (PICU) اور نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹ (NICU) فعال کیے جائیں گے، جبکہ تیسرے مرحلے میں 18 خصوصی شعبے اور ٹرانسپلانٹ کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
180 روزہ اصلاحاتی اقدامات کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو مزید مضبوط بنانے، ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، خاندانی منصوبہ بندی، غذائیت، ڈیجیٹل رپورٹنگ، عملے کی تربیت اور ضروری طبی آلات کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت 250 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے فعال کیا جائے گا، جن میں 200 بی ایچ یوز اور 50 آر ایچ سیز شامل ہیں۔ ان مراکز کو ہفتے میں چھ دن، روزانہ آٹھ گھنٹے کی موجودہ سروس سے تبدیل کرکے 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن فعال کرنے کا منصوبہ ہے، جہاں تربیت یافتہ عملے کے ذریعے زچگی، نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال اور قبل از پیدائش و بعد از پیدائش طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسی طرح 115 صحت مراکز کی تزئین و آرائش، مرمت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے انہیں مریض دوست بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے یکساں برانڈنگ، سائن بورڈز، روشنی اور فرنیچر کی فراہمی بھی منصوبے میں شامل ہے۔ مزید برآں 124 صحت مراکز کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ویکسین کی کولڈ چین اور زچگی کی طبی سہولیات برقرار رکھی جا سکیں۔
طبی آلات کی فراہمی کے لیے بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحت کے مراکز کو جدید تشخیصی، سرجیکل، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری اور آئی ٹی سے متعلق آلات فراہم کرنے کی غرض سے آباد اضلاع کے لیے ایک ارب 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ نامزد اضلاع کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صحت کے شعبے میں شفافیت، نگرانی اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ (HISDU) کے تحت ڈیٹا ہب قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے انسانی وسائل کی نگرانی، بیماریوں کی سرویلنس اور شواہد کی بنیاد پر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ 200 صحت مراکز میں EMR، DHIS، BAS، HRMIS، DCC اور CMS سمیت جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔
نرسنگ کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے بی ایس این اور ایم ایس این پروگرامز کے تحت انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپس فراہم کرنے کی تجویز بھی بریفنگ میں شامل تھی۔
وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے تحت خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے لیے ایک ارب 46 کروڑ 20 لاکھ روپے کے طبی آلات فراہم کیے جائیں گے، جبکہ امراض قلب کے علاج کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے کارڈیک کیئر یونٹ اور PIC کی توسیع کے منصوبے کے لیے 4 ارب 93 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور اسکریننگ کے لیے پشاور، مردان، ہزارہ، کوہاٹ اور بنوں میں اسکریننگ سینٹرز قائم کرنے کی غرض سے 85 کروڑ روپے مختص کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں میڈیا کے نمائندوں نے صحت کے شعبے سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، اسسٹنٹ چیف سیکریٹری یحییٰ اخونزادہ اور سیکریٹری صحت مطیع اللہ خان نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مختلف امور پر وضاحت فراہم کی۔