79واں یومِ آزادی: افواجِ پاکستان کا قوم کو مبارکباد، شہداء کو خراجِ عقیدت

راولپنڈی(کیو این این ورلڈ)افواجِ پاکستان نے قوم کو پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے دفاعِ وطن، قومی سلامتی اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے افواجِ پاکستان دفاعِ وطن کے عزم پر قائم ہیں۔

ترجمان کے مطابق بانیانِ پاکستان کا وژن اور ان کے اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہوکر امن اور استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کو فروغ دینے کا پیغام دیا، جبکہ غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے