وزیراعظم کا بھارت کو دوٹوک پیغام، پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن قرار

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے، بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیا جائے گا۔ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی اور معرکۂ حق میں کامیابی پر پوری قوم، فیلڈ مارشل اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یادگارِ فتح قومی عزم و ہمت، افواجِ پاکستان کی مہارت اور برتری کی علامت ہے، جبکہ معرکۂ حق میں کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو شکست دی اور یادگارِ فتح قومی اتحاد کی علامت بن گئی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ یادگارِ فتح کا منفرد ڈیزائن صرف 8 ماہ میں مکمل کیا گیا، جس پر فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یادگار کی تعمیر فیلڈ مارشل کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عزت اور وقار کے ساتھ امن کے لیے کھڑا ہے اور دنیا کو نئے تنازعات سے محفوظ دیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں کردار ادا کیا، جبکہ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں امن کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رہے گی اور کشمیری عوام کے حق میں پاکستان کا موقف دوٹوک ہے۔ شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے