یادگارِ فتح کا افتتاح، صدر اور وزیراعظم کا دفاعِ وطن اور قومی اتحاد کے عزم کا اظہار

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں قائم کی گئی یادگارِ فتح کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف، سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور غیرملکی سفارت کاروں سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دستوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستے بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ فتح پر قومی پرچم لہرایا۔

یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے، بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی پر پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یادگارِ فتح افواجِ پاکستان کی برتری اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور دنیا کو نئے تنازعات سے محفوظ دیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں کردار ادا کیا، جبکہ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں امن کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رہے گی اور کشمیریوں کے لیے پاکستان کا مؤقف دوٹوک ہے۔ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے افغانستان کی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ یادگارِ فتح معرکۂ حق میں کامیابی اور شہداء و غازیوں کی لازوال داستان کی علامت ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان امن کے عمل میں دنیا کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری پاکستان کے امن و استحکام کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ ایران امریکا جنگ بندی میں فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اہم کردار ادا کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ غزہ میں نسل کشی کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے بھی کشمیر کے جہاد میں حصہ لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے