اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے ملکی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے عزم کی تجدید پر زور دیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریکِ آزادی کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صرف تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، ہمیں پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے قوم پر زور دیا کہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ صدر نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھی یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اہلِ وطن کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی صورت میں ہمیں آزادی کی عظیم نعمت عطا کی۔ انہوں نے تحریکِ آزادی کے قائدین، کارکنان اور اسلاف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی مدبرانہ قیادت نے مسلمانوں کے آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس میں مشکل مراحل عبور کرتے ہوئے پاکستان نے معیشت کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت کی ہے، جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے فلسطینی عوام اور کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر متحد ہوکر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کی جائے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو عزت و وقار کی علامت بنائے اور اسے درخشندہ مستقبل عطا فرمائے۔