وکاڑہ(کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے ضلع بھر میں کھلے مین ہولز پر حفاظتی جالی والے کورز نصب کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں، گلی محلوں اور تجارتی مراکز میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی کرکے وہاں نئے اور پائیدار کورز کے ساتھ حفاظتی جالیاں نصب کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھلے مین ہولز شہریوں، خصوصاً بچوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے ایک بڑا خطرہ ہیں اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری مہم کی خود نگرانی کریں اور کام کی رفتار کو مزید تیز بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مین ہول کورز میں لگائی جانے والی حفاظتی جالی عوام کو اضافی تحفظ فراہم کرے گی اور اس اقدام سے جان لیوا حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جالی والے مین ہول کورز کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔