واربرٹن(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد نے تھانہ واربرٹن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی درخواستیں اور شکایات سن کر موقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے گئے۔
کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او نے رابری، چوری اور دیگر مقدمات کے مدعیان کو 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری اصل مالکان کے حوالے کی۔ چھینی گئی اور چوری شدہ اشیاء کی واپسی پر متاثرہ شہریوں نے Punjab Police کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارسلان زاہد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “محفوظ پنجاب” کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھینی ہوئی اور چوری شدہ املاک کی ریکوری اور انہیں اصل مالکان کے حوالے کرنا پولیس کی مؤثر اور مثالی کارکردگی کا ثبوت ہے۔
ڈی پی او ننکانہ نے مزید کہا کہ عوامی رابطہ مہم کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کے مسائل براہِ راست سننے کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔