نمبرداری نظام کی بہتری، واجبات کی عدم ادائیگی پر کارروائی کا حکم

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) دیپالپور کے علاقے شاہ پور میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ کی زیر صدارت نمبرداری جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریونیو افسران، نمبرداری کے درخواست گزاروں اور اہل دیہہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں نمبرداری نظام کو مزید مؤثر بنانے، سرکاری امور میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے نمبرداران کے انتخاب سے متعلق درخواست گزاروں کے کوائف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ نمبرداران حکومت اور عوام کے درمیان ایک اہم کڑی ہیں، اس لیے ان کی ذمہ داریاں دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا ہونا ضروری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمبرداران کے انتخاب میں مکمل میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری واجبات کے نادہندگان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اجلاس میں واجبات کی عدم ادائیگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واجبات ادا نہ کرنے والے درخواست گزاروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ریونیو کی بروقت وصولی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے