ایس ایس پی گھوٹکی کی زیر صدارت اجلاس، جرائم کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) پولیس ہیڈکوارٹر کے کانفرنس ہال میں ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی زیر صدارت اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔

میٹنگ کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا، جس میں ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور برانچ ہیڈز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی نے تمام ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے کہا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔ انہوں نے بعض ایس ایچ اوز کی ناقص کارکردگی، روپوش و اشتہاری ملزمان کی عدم گرفتاری اور عوامی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کی جانب سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور جن تھانوں میں جرائم کی شرح میں اضافہ پایا گیا ان کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایس ایس پی نے ہدایت کی کہ تمام تھانوں کی حدود میں موٹر سائیکل چوری، مویشی چوری اور نقدی چھیننے جیسے واقعات کی ریکوری ہر صورت یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں، آکڑا پرچی، جوا، سٹہ اور گٹکا پان پراگ مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور اصل ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

ایس ایس پی گھوٹکی نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ روپوش اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری ہر حال میں یقینی بنائی جائے، پیٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کو مؤثر بنایا جائے اور تمام مقدمات کی شفاف تفتیش کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بے گناہ کو نقصان نہ پہنچے۔

ایس ایس پی نے کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے