احمدپورشرقیہ(کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب احمدپورشرقیہ میں یومِ تشکر “معرکۂ حق بنیان مرصوص زندہ باد” کے عنوان سے ایک شاندار تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر احمدپورشرقیہ محمد نوید حیدر تھے۔
تقریب کی صدارت پرنسپل کالج پروفیسر شاہد حسین مغل نے کی جبکہ کنٹرولر امتحانات و انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے معزز مہمان کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے، مالا اور سرائیکی اجرک پہنا کر پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس میں آیت “بنیان مرصوص” کی تلاوت لیکچرر حافظ عمر جمیل نے کی جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت بی ایس اردو کے طالبعلم مبشر عباس نے حاصل کی۔ طالبات لائبہ رشید اور ثانیہ جاوید نے نظم “مردِ مومن” اور ملی نغمے پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
مہمانِ خصوصی محمد نوید حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم معرکۂ حق “بنیان مرصوص” کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں اور دشمن بھارت کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاک افواج کی بدولت ایٹمی طاقت پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمتِ عملی اور خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان ایران امریکہ تنازع میں عالمی سطح پر ایک بہترین پُرامن ثالث کے طور پر ابھرا ہے جبکہ دشمن کو معرکۂ حق بنیان مرصوص کی وجہ سے عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایک ایک بچہ وطنِ عزیز کی سلامتی کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہے اور نوجوان نسل کو قلم و کتاب سے دوستی کرکے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔
اسٹیج سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا مطلب “لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ﷺ” ہے اور ہمارا ہر نوجوان سرزمینِ پاکستان کے تحفظ کیلئے اپنی پاک افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن عہدِ تجدید کا دن ہے کہ پاکستانی قوم “حیدر کی للکار” اور “بنیان مرصوص” ہے جبکہ پاک افواج ہمارا قومی فخر ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں شرکاء نے “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” اور “پاک افواج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر مہمانِ اعزاز پروفیسر شمائلہ یعقوب نے مہمانِ خصوصی کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔
تقریب میں لیکچرر اعجاز الحق، لیکچرر ڈاکٹر محمد عمران، حسن رضا جعفری، اسد علی، محمد عدنان، ملک عمران، محسن گیلانی، جام عبدالحمید میتلا، محمد جمیل، محمد ارسلان، عرفان الحق، کائنات قادر، عائشہ ظفر سمیت دیگر اساتذہ، کلاس فور ملازمین اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
