معرکہ حق کا ایک سال مکمل

آپریشن بنیان المرصوص اور پاک فوج کی کامیابیاں
تحریر:اسماء عبدالقادر

قومیں صرف ہتھیاروں سے مضبوط نہیں ہوتیں بلکہ اصل طاقت لوگوں کے جذبوں، نظریات، حوصلوں اور اتحاد میں ہوتی ہے۔ جب دلوں میں وطن کی محبت زندہ ہو تو دشمن کی ہر چال کمزور پڑ جاتی ہے۔ “آپریشن بنیان المرصوص” نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ جب قوم اور فوج ایک ساتھ کھڑے ہوں تو کوئی بھی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

“بنیان المرصوص” صرف ایک فوجی آپریشن نہیں تھا بلکہ ایک زندہ قوم کی آواز تھا۔ یہ ایسا لمحہ تھا جب ہر پاکستانی نے اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دیا۔ لوگوں کے دلوں میں خوف نہیں بلکہ یقین موجود تھا، اور یہی یقین قوموں کو مضبوط بناتا ہے۔

میری نظر میں “بنیان المرصوص” کا مطلب ایک مضبوط دیوار ہے، ایسی دیوار جسے توڑنا آسان نہیں۔ اس نام کو سنتے ہی طاقت، حوصلے اور استقامت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی سرحدوں، عزت اور خودمختاری کی حفاظت کی ہے، اور پاک افواج نے بار بار یہ ثابت کیا کہ ان کے دلوں میں وطن کی محبت سب سے بڑھ کر ہے۔ ان کا حوصلہ بلند اور ایمان مضبوط ہے۔

آج کی جنگیں صرف میدانوں میں نہیں لڑیں جاتیں بلکہ الفاظ، خبروں اور میڈیا کے ذریعے بھی لڑی جاتی ہیں۔ “آپریشن بنیان المرصوص” اس بات کی گواہی ہے کہ بھارت نے اپنے میڈیا کے ذریعے ایک مخصوص تاثر دینے کی کوشش کی، مگر پاکستان نے صبر، دانشمندی اور سچائی کے ساتھ اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا۔ پاک افواج کے ترجمانوں نے بروقت اور درست معلومات فراہم کیں، جس سے قوم کا اعتماد بڑھا اور دنیا نے بھی پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے دیکھا۔

اس تمام صورتحال میں سب سے خوبصورت منظر پاکستانی قوم کا اتحاد تھا۔ چاہے سوشل میڈیا ہو یا گھروں میں ہونے والی گفتگو، ہر طرف اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کی آواز سنائی دی۔ نوجوان آگے آئے، بزرگوں نے دعائیں دیں اور بچے بھی “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگاتے نظر آئے۔ یہ منظر دل کو چھو لینے والا تھا۔

اصل طاقت قومی اتحاد میں ہوتی ہے۔ جب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں تو مشکل وقت بھی آسان محسوس ہونے لگتا ہے۔ “آپریشن بنیان المرصوص” کے بعد لوگوں کے دلوں میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوا، وطن سے محبت مزید گہری ہوئی اور یہ احساس مضبوط ہوا کہ ہم کمزور نہیں بلکہ ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دنیا کو بھی یہ پیغام ملا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر خاموش نہیں رہ سکتا۔ پاک افواج نے اپنا مؤقف بہترین انداز میں دنیا تک پہنچایا اور دشمن کا پروپیگنڈا زیادہ دیر نہ چل سکا۔

یہ حقیقت ہے کہ قومیں صرف ہتھیاروں سے نہیں جیتتیں بلکہ ان کی اصل طاقت ان کے نظریات، اتحاد اور جذبوں میں ہوتی ہے۔ پاکستان نے یہ ثابت کیا کہ جب قوم اور فوج ایک ساتھ ہوں تو کامیابی یقینی بن جاتی ہے۔

“بنیان المرصوص” ایک ایسی طاقت کی علامت ہے جو ہر پاکستانی کے دل میں بستی ہے۔ ہم پاکستان کے نوجوان صرف دیکھنے والے نہیں بلکہ اپنے الفاظ، کردار اور آواز کے ذریعے اپنے وطن کا ساتھ دینے والے ہیں۔ یہی سوچ ایک مضبوط قوم کی نشانی ہے اور ہم سب اس قوم کا حصہ ہیں۔

پاکستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ہمارے شہداء کی امانت ہے، جنہوں نے اس وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ ان قربانیوں کی یاد آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے۔

“آپریشن بنیان المرصوص” نے ایک بار پھر یاد دلایا کہ اتحاد میں طاقت ہے، سچائی انسان کو مضبوط بناتی ہے اور وطن سے محبت کبھی انسان کو جھکنے نہیں دیتی۔ یہی جذبہ پاکستان کو ہمیشہ سربلند رکھے گا۔

ہم ایک قوم ہیں، اور جب قوم ایک ہو جائے تو اسے کوئی جھکا نہیں سکتا۔

“آپریشن بنیان المرصوص” کے ایک سال مکمل ہونے پر میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ ہم اپنی فوج اور اپنے پاکستان کے ساتھ ہر وقت کھڑے ہیں۔

پاکستان زندہ باد۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے