ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف احسان اللہ ایاز) تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ڈائریکٹر نیو ڈائریکشنز اسکول آف اے آئی اینڈ روبوٹکس محمد نوید کو خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز واہ کینٹ میں منعقدہ پروقار تقریب ’’ایمبیسڈر آف لائٹ‘‘ (Ambassador of Light) کے دوران دیا گیا، جہاں ان کی تعلیمی خدمات کو سراہا گیا۔
تقریب میں محمد نوید کو صدر ایپسما آزاد کشمیر احسان الحق چوہان اور صدر پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن وزیرآباد حافظ بشارت کے ہاتھوں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔ اس اعزاز کو محمد نوید نے ننکانہ صاحب کے اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ اور والدین کی محبت، اعتماد اور تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔
محمد نوید نے تقریب کے منتظمین، بالخصوص کڈز یونیورسٹی کیمپس واہ کینٹ اسلام آباد کی پرنسپل صائمہ ابرار کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں اس اعزاز کے لیے اہل سمجھا اور تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر محمد نوید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عزم بچوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ بالخصوص مصنوعی ذہانت (AI) اور روبوٹکس کے شعبوں میں تعلیم و تربیت کے ذریعے نئی نسل کے لیے روشن مستقبل کی راہیں ہموار کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ نیو ڈائریکشنز اسکول آف اے آئی اینڈ روبوٹکس کے ذریعے بچوں کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
محمد نوید نے تقریب کے منتظمین اور انہیں مبارک باد دینے والے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ معیاری تعلیم کے فروغ اور بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔