ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ضلع ٹھٹھہ کے جھرک تھانے کی حدود اونگر میں ایک افسوسناک اور مشکوک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک 22 سالہ نوجوان خاتون کی لاش گاؤں کے قریب کھیت میں درخت سے لٹکی ہوئی حالت میں ملی ہے۔ متوفیہ کی شناخت شاہدہ زوجہ غلام شبیر عرف شبو ببر کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق جھرک پولیس کو صبح تقریباً ساڑھے سات بجے واقعے کی اطلاع ملی، جس پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لیا اور جھرک تھانے منتقل کیا۔ تاہم جھرک میں پوسٹ مارٹم کی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث لاش کو مزید قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال مکلی منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق درخت سے لٹکی ہوئی لاش کے پاؤں زمین کو چھو رہے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں شدید شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔ مقامی لوگوں اور کئی افراد کی جانب سے اس واقعے کو خودکشی کے بجائے مبینہ قتل کا رنگ دیا جا رہا ہے اور علاقے میں مختلف چہ مگوئیاں گردش کر رہی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے باریک بینی کے ساتھ تحقیقات کی جا رہی ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں اصل حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔