راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک افواج نے واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کی دفاعی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کر چکا ہے اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت، مؤثر اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معرکۂ حق قومی دفاع کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن اور تاریخی کامیابی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر پاک افواج، بالخصوص پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق معرکۂ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی طاقت بخشی بلکہ مسلح افواج کے ادارہ جاتی عزم کو مزید مضبوط کیا اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں اور صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے ثابت کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دشمن نے اس معرکے میں پاکستان کی تیاری، قوت اور فوری ردعمل کی صلاحیت کا بھرپور مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز اور مخصوص و جدید جنگی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے مکمل ہم آہنگ اور ایک مؤثر دفاعی قوت بنا دیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ معرکۂ حق کے دوران کیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں غیر معمولی اور منفرد نوعیت کے حامل تھے، جنہوں نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو نمایاں کیا۔ ان کامیابیوں نے پوری قوم کے اعتماد، حوصلے اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت دی۔
پاک افواج نے اپنے مشترکہ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ رکھتی ہیں۔ پاکستان کی ہر دفاعی تیاری اور عسکری صلاحیت کا بنیادی مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خودمختار برابری کے اصولوں سے وابستہ رہا ہے، تاہم اگر کسی دشمن نے جارحیت یا مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج خطے میں بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، عسکری صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کے باعث پاک افواج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مستعد ہیں۔
اعلامیے میں پاک فضائیہ کے جوانوں، افسروں اور اہلکاروں کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنی بروقت کارروائی، جرات اور غیر متزلزل عزم سے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فضائیہ اپنی جدید جنگی صلاحیت، پیشہ ورانہ برتری اور اعلیٰ عسکری معیار کے باعث دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور ان شاء اللہ ہمیشہ “Second to None” رہے گی۔ آخر میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی درج کیا گیا۔