لسبیلہ اوتھل زیرو پوائنٹ پر بس اور وین کا حادثہ، 11 ہلاکتیں، 20 سے زائد زخمی

لسبیلہ (کیو این این ورلڈ) قومی شاہراہ پر مسافر بس اور وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ المناک حادثہ لسبیلہ میں اوتھل زیرو پوائنٹ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب مخالف سمتوں سے آنے والی تیز رفتار مسافر بس اور وین میں شدید تصادم ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو نجی و سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مسافر بس گوادر سے کراچی جا رہی تھی جبکہ وین کراچی سے لسبیلہ کی طرف گامزن تھی۔ حادثے کے باعث دونوں گاڑیاں شدید متاثر ہوئیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے