اوکاڑہ میں جدید فوڈ سٹریٹ کی فعال سازی آخری مراحل میں داخل، تمام کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) احمد سلیم چشتی نے اوکاڑہ میں قائم کی جانے والی نئی فوڈ سٹریٹ کی فعال سازی اور دکانوں میں سامان کی شفٹنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ کنٹریکٹر، انجینئرز اور دکانداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فوڈ سٹریٹ کی دکانوں کی تعمیر و تزیین کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور دکانوں میں سامان کی شفٹنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو کہ اگلے چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز احمد سلیم چشتی نے متعلقہ حکام اور دکانداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری سامان کی شفٹنگ اور دیگر تمام باقی ماندہ کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ فوڈ سٹریٹ کو بلا تاخیر شہریوں کے لیے فعال کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوکاڑہ میں جدید فوڈ سٹریٹ کے قیام سے شہریوں کو معیاری، حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک اور بہترین تفریحی ماحول میسر آئے گا۔ انہوں نے دکانداروں کو سامان بلامعطل شفٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام مراحل کی خود نگرانی کر رہی ہے تاکہ دکانداروں اور شہریوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے