اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان کی عسکری تاریخ کے ایک عظیم اور سنہری باب، آپریشن “بُنْيَانٌ مَرْصُوْصٌ” کو ایک سال مکمل ہوگیا، مگر جارحیت، غرور اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت آج تک اس کاری ضرب کے اثرات سے باہر نہ نکل سکا۔ پاکستان کی مسلح افواج، بالخصوص پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت، بروقت حکمت عملی اور جرات مندانہ کارروائی کے ذریعے دشمن کو ایسی عبرتناک شکست دی جس نے نہ صرف بھارت کے جنگی غرور کو خاک میں ملا دیا بلکہ پوری دنیا پر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی دھاک بھی بٹھا دی۔
گزشتہ سال 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلانہ انداز میں بلا اشتعال حملے اور اشتعال انگیز کارروائیاں کیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار اور دشمن کے ہر وار کا جواب دینے کے لیے مستعد تھیں۔ پاک فضائیہ نے چند ہی لمحوں میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے اور جدید جنگی مہارت کا ایسا مظاہرہ کیا جسے عسکری ماہرین آج بھی جدید فضائی جنگ کی ایک کامیاب مثال قرار دیتے ہیں۔
آپریشن “بُنْيَانٌ مَرْصُوْصٌ” کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کے تین جدید رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر آٹھ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جس کے بعد بھارتی عسکری اور سیاسی قیادت شدید دباؤ کا شکار ہوگئی۔ دنیا بھر کے دفاعی مبصرین نے اس کارروائی کو پاکستان کی شاندار عسکری کامیابی قرار دیا جبکہ بھارت مسلسل اپنی ناکامی اور تباہی چھپانے کی کوشش کرتا رہا۔
بھارتی حکومت اور میڈیا ایک جانب حقائق پر پردہ ڈالنے میں مصروف رہے تو دوسری جانب پاک فوج اور پاکستان کے دفاعی ادارے ثبوتوں اور حقائق کے ساتھ دنیا کے سامنے سچ پیش کرتے رہے۔ پاکستان کی عسکری برتری، تکنیکی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھول دی اور نریندر مودی کی جارحانہ پالیسیوں کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
آپریشن بُنْيَانٌ مَرْصُوْصٌ نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔ اس معرکے نے پاکستانی قوم کے اعتماد، جذبہ حب الوطنی اور اپنی مسلح افواج پر یقین کو مزید مضبوط کیا۔
پاکستانی قوم نے اس تاریخی کامیابی پر اپنی بہادر افواج، خصوصاً پاک فضائیہ کے شاہینوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کا دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
کیو این این ورلڈ کی جانب سے وطن کے ان عظیم محافظوں، شہداء، غازیوں، شاہینوں اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کیا جاتا ہے، جن کی جرات، قربانی اور غیر متزلزل عزم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔