سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ محمدیامین مغل کی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے سیالکوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی نگرانی میں پولیس نے 69 ڈکیت گینگز کو گرفتار کر کے 303 مقدمات ٹریس کیے جبکہ دیگر 2700 مقدمات بھی حل کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 کروڑ 53 لاکھ 92 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 169 گینگ ممبران کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 200 غیر قانونی پستول بھی برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ چوری شدہ 118 موٹر سائیکلیں، ایک کیری ڈبہ، 4 رکشہ چاند گاڑیاں، 15 مویشی اور 61 تولے طلائی زیورات بھی برآمد کیے گئے۔
اسی طرح سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں، جن میں کیٹگری A کے 1501 اور کیٹگری B کے 758 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
مزید برآں سیالکوٹ پولیس نے E-Gadget موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 304 قیمتی سمارٹ موبائل فونز بھی ریکور کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے۔
ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔