سیالکوٹ کے علاقے گوہدپور مغل پورہ میں سیوریج بحران، گلیاں جوہڑ بن گئیں

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) شہرِ اقبال اور وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کے آبائی شہر سیالکوٹ کے علاقے گوہدپور، مغل پورہ محلہ مرچاں والا کنواں، نزد فاطمہ مسجد میں سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے گوہدپور، مغل پورہ محلہ مرچاں والا کنواں، نزد فاطمہ مسجد میں سیوریج کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گلیوں میں گندا پانی جمع ہو چکا ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ تعفن اور بدبو نے ماحول کو بھی آلودہ کر دیا ہے۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کئی بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

اہل علاقہ کے مطابق گلیوں میں کھڑا پانی بچوں، بزرگوں اور نمازیوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہا ہے، خصوصاً فاطمہ مسجد آنے جانے والے افراد کو گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس صورتحال کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے متعلقہ بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیوریج نظام کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے