واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب چیک پوائنٹ پر ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت نیسائربیسٹ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ریاست میری لینڈ سے بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم ذہنی مسائل کا شکار رہا ہے اور اس سے قبل بھی سیکرٹ سروس اہلکاروں سے الجھ چکا تھا۔
واقعے کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا جو بعد ازاں دم توڑ گیا، تاہم کسی سکیورٹی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب پیش آیا جس کے بعد وائٹ ہاؤس کو فوری طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں صورتحال کنٹرول ہونے پر لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
صحافیوں کے مطابق واقعے کے دوران تقریباً 30 گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں جبکہ وائٹ ہاؤس کی چھت پر اسنائپرز تعینات کر دیے گئے۔ نارتھ لان میں موجود صحافیوں کو فوری طور پر پریس بریفنگ روم منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب تقریباً چار ہفتے قبل بھی ایک مسلح شخص کی جانب سے واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران صدر ٹرمپ کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
ادھر رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی آج اپنے بیٹے کی شادی میں باہاماس روانگی متوقع تھی، تاہم امریکا ایران معاہدے کے حوالے سے پیش رفت کے باعث انہوں نے وائٹ ہاؤس میں رہنے کو ترجیح دی۔