تہران (کیو این این ورلڈ) ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی ثالثی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی مثبت اور مؤثر رہا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران کے دورے کے بعد ایرانی حکام سے ہونے والے مذاکرات کی کامیابیوں پر انہیں مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ محتاط امید کے ساتھ یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ اگر دوسرا فریق مناسب عزم اور وابستگی کا مظاہرہ کرے تو مثبت پیشرفت سامنے آ سکتی ہے، جو اسلامی جمہوریہ ایران کے مؤقف، مسلح افواج کی ثابت قدمی، ایرانی قوم کی مزاحمت اور پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
ایرانی سفیر کے مطابق پاکستان کی قیادت، بالخصوص وزیرِاعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی سفارتی کوششیں خطے میں دیرپا امن کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ وہ ان تمام پاکستانی شخصیات کی خلوص نیت پر مبنی کاوشوں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی۔