ملزمان کے خلاف آپریشن شکار پور میں کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں دو روز قبل شروع کیا گیا تھا، ترجمان پولیس

شکارپور (کیو این این ورلڈ) شکارپور پولیس نے کچے کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے اغوا کی گئی 11 سالہ بچی کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ آپریشن کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق یہ کارروائی کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں دو روز قبل شروع کی گئی تھی، جس کے دوران مغویہ 11 سالہ حورم سعید پٹھان کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔

پولیس اعلامیے کے مطابق آپریشن میں مرکزی ڈاکو عبدالوحید عرف ملا سمیت دو ملزمان مارے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دوسرے ڈاکو کی شناخت یاسین بنگلانی کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کامیاب آپریشن پر ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی شکارپور اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ آئی جی سندھ نے پشاور سے تعلق رکھنے والی بچی کے اغوا سے متعلق سوشل میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے فوری بازیابی کی ہدایت دی تھی۔

پولیس کے مطابق اسی آپریشن کے دوران 22 مئی کو لاہور کی رہائشی ایک اور مغوی لڑکی کو بھی بازیاب کرایا گیا تھا، جو نوکری کے جھانسے میں اغوا ہوئی تھی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے انتہائی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم بچیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں پورے عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے