رینالہ خورد (کیو این این/ نامہ نگار) رینالہ خورد شہر اور اس کے گردونواح میں گزشتہ شب آنے والی شدید آندھی، طوفان اور موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور شہریوں کا مالی نقصان ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات تقریباً آٹھ بجے رینالہ خورد شہر سمیت چوچک، اختر آباد، شیر گڑھ، پل جوڑیاں اور دیگر مضافاتی علاقوں کو اچانک شدید آندھی اور گرد آلود طوفان نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تیز ہواؤں کے باعث درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ دکانوں کے باہر لگے سائن بورڈز اور گھروں کی چھتوں پر نصب قیمتی سولر پلیٹیں اڑ کر دور جا گریں۔
درختوں اور بورڈز کے گرنے سے مختلف حادثات میں متعدد راہگیر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ آندھی کے فوری بعد شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کئی گھنٹوں تک مسلسل جاری رہی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور ہر طرف جل تھل ہو گیا۔ طوفان کی شدت کے باعث بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور آندھی شروع ہوتے ہی پورے علاقے کی بجلی غائب ہو گئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید تاریکی اور حبس کے عالم میں رات گزارنی پڑی۔
بجلی کی طویل بندش اور طوفانی صورتحال کی وجہ سے کاروباری مراکز جلد بند ہو گئے اور عوامی آمدورفت بھی محدود ہو کر رہ گئی۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرے ہوئے درختوں کی فوری صفائی اور بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ معمولات زندگی دوبارہ پٹری پر آ سکیں۔ طوفان کے باعث ہونے والے مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔