پاکستان ریلوے کی “رافیل میمز ایکسپریس”، سوشل میڈیا پر طنزیہ دھوم

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان ریلوے نے سوشل میڈیا پر ایک منفرد اور طنزیہ انداز اپناتے ہوئے “رافیل میمز ایکسپریس” کے نام سے وائرل پوسٹ شیئر کر دی، جس نے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی اور خوب پذیرائی سمیٹی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے مبینہ “آپریشن سندور” اور اس کے جواب میں پاکستان کے “آپریشن بنیان المرصوص” کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر شیئر کی گئی اس میمز تصویر میں ایک مسکراتی ہوئی سبز ٹرین کو نمایاں دکھایا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ پٹڑی کے کنارے تباہ شدہ بھارتی جنگی طیاروں کو طنزیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

تصویر میں خاص طور پر داسو رافیل اور دیگر جنگی جہازوں کی تباہی کو مزاحیہ پیرائے میں دکھایا گیا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپی سے دیکھا اور مختلف تبصروں کے ذریعے ردعمل دیا۔

ٹرین پر درج جملہ صارفین کی توجہ کا مرکز بنا، جس میں لکھا تھا: “ہمارے ساتھ سفر کریں، ہم رفتار میں شاید کم ہوں، لیکن ان سے زیادہ محفوظ ہیں۔” یہ جملہ نہ صرف پاکستان ریلوے کے سست رفتار تاثر پر خودساختہ مزاحیہ چوٹ ہے بلکہ حریف ملک کی فضائی طاقت پر طنز بھی تصور کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اس پوسٹ کو صارفین نے “ڈیجیٹل محاذ پر کامیاب انٹری” قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے تبصرہ کیا کہ پاکستان ریلوے نے اس بار تاخیر کے بجائے بروقت مزاحیہ وار کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پوسٹ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جدید دور میں جنگ اور بیانیہ سازی صرف روایتی میدانوں تک محدود نہیں رہی بلکہ میمز، ڈیجیٹل طنز اور سوشل میڈیا بھی قومی جذبات کے اظہار کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے