وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے وژن پر پسرور میں کھلی کچہری، مسائل کا موقع پر ازالہ

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) — وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے پسرور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں کی شکایات براہِ راست سنی گئیں اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔

کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو، ستھرا پنجاب، پیرا فورس، محکمہ تعلیم، اکاؤنٹ آفس اور میونسپل کمیٹی سے متعلق متعدد شہریوں نے اپنی شکایات پیش کیں۔ درخواست گزاروں میں خواتین اور بزرگ شہری بھی شامل تھے۔ کمشنر محمد علی نے مختلف درخواستوں پر ریونیو افسران، گرداور اور پٹواریوں کو موقع پر طلب کر کے سماعت کی۔

اسی طرح سی او ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی اور محکمہ تعلیم سمیت دیگر ضلعی محکموں سے متعلق شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو بلایا گیا اور فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں جن کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا اور مسائل کا فوری ازالہ ہے۔

کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز، اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر اور تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر محمد علی نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور متعلقہ افسران کو قانون و ضابطے کے مطابق فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے