سکھر پولیس کی بڑی کارروائی، پشاور سے کراچی منتقل کیا جانے والا اسلحہ پکڑا گیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) پنوعاقل کے قریب سکھر پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے پشاور سے کراچی جانے والی ایک مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران گاڑی کی مکمل تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں 14 کلاشنکوف، 23 پستول، ایک ریپیٹر، 100 میگزین اور 15 ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔ برآمد ہونے والا اسلحہ گاڑی میں مہارت سے چھپایا گیا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اسلحہ پشاور سے کراچی منتقل کر رہے تھے۔ کارروائی کے بعد دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں اسلحہ اسمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور اسلحے کی ترسیل، خریداروں اور دیگر سہولت کاروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔

سکھر پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور غیر قانونی اسلحے کی نقل و حمل کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے