اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) غیر ملکی جریدے Asia Times نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی سیاست میں ایک مؤثر “مڈل پاور” کے طور پر ابھر رہا ہے، جو بدلتے ہوئے عالمی نظام میں بڑی طاقتوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے متوازن اور محتاط سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوائی ہے، جبکہ خطے میں ثالثی کردار ادا کرنے کی صلاحیت بھی حاصل کرلی ہے۔ ایشیا ٹائمز نے لکھا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں اُن ممالک کی اہمیت بڑھ رہی ہے جو عالمی طاقتوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، اور پاکستان اس حوالے سے ایک اہم مثال بن کر سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی جریدے کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن اسے عالمی طاقتوں کیلئے ناگزیر بناتی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے بیک وقت چین، امریکہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنایا ہے، جبکہ پاکستان کی “ملٹی الائنمنٹ” پالیسی کو سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایشیا ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں توازن برقرار رکھنے والی ایک اہم ریاست بن چکا ہے اور عالمی بلاکس کے درمیان “پل” کا کردار ادا کر رہا ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کی دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کو بھی عالمی توجہ حاصل ہونے کا ذکر کیا گیا، جبکہ بدلتی ہوئی عالمی صف بندی میں پاکستان کی اسٹریٹیجک اہمیت میں اضافے کو نمایاں قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان سے جڑے سکیورٹی مسائل اور معاشی عدم استحکام اب بھی پاکستان کیلئے بڑے چیلنجز ہیں، تاہم اس کے باوجود پاکستان نے ایک مشکل علاقائی ماحول میں متوازن خارجہ پالیسی برقرار رکھی ہے۔ ایشیا ٹائمز کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
غیر ملکی جریدے نے یہ بھی لکھا کہ پاکستان طویل عرصے سے “مڈل پاور” کی کئی خصوصیات رکھتا ہے، تاہم پالیسیوں میں عدم تسلسل کے باعث ماضی میں اس کا اثر و رسوخ محدود رہا، لیکن موجودہ حالات میں پاکستان دوبارہ عالمی سفارتی منظرنامے میں اہمیت حاصل کرتا دکھائی دے رہا ہے۔