معرکۂ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات کا دن ہے: وزیراعظم

معرکۂ حق میں دشمن کی جارحیت کا جواب دے کر دنیا کو دفاع کا پیغام دیا: صدر مملکت
معرکۂ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات کا دن ہے: وزیراعظم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)صدرپاکستان آصف علی زرداری نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت، عزم اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا واضح پیغام دیا۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت نے سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں نے افواجِ پاکستان کے مورال اور دفاعی حکمت عملی کو نئی مضبوطی عطا کی۔

صدر مملکت نے ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو بھی سراہا، جبکہ نوید اشرف اور پاک بحریہ کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کیلئے قابلِ فخر قرار دیا۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، تاہم قومی سلامتی پر کسی بھی حملے یا جارحیت کا مؤثر جواب دینا ہماری دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی کے مترادف ہے کیونکہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔ اُنہوں نے افغانستان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، جبکہ بیرونی پشت پناہی میں جاری دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے پائیدار امن کیلئے ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کے باعث پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، جبکہ ایران امریکہ تنازع کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات، احسانات اور اس کے حضور سجدۂ شکر بجا لانے کا دن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا اور پوری قوم نے عزم، جرأت اور استقامت کی مثال قائم کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھی، جبکہ قوم اپنے شہداء، اُن کے اہلخانہ اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع کیلئے ڈٹ گئے اور بری، بحری، فضائی و سائبر محاذوں پر مربوط اور منظم ردعمل دیا، جس نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے