اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) صوبائی محتسب پنجاب کی آؤٹ ریچ وین کے ذریعے ضلع بھر میں عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں اور اہم مقامات پر آگاہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ نواحی علاقے 26/2 آر اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں بھی عوامی آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی مہم کا مقصد عوام کو دفتر محتسب پنجاب کے دائرۂ اختیار، فرائض اور طریقۂ کار سے آگاہ کرنا اور سرکاری محکموں میں انتظامی ناانصافی، غیر ضروری تاخیر اور دیگر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر شکایات وصول کرنا ہے۔
موبائل آؤٹ ریچ وین کے ذریعے شہریوں کو شکایات درج کرانے کے طریقۂ کار اور دفتر محتسب پنجاب سے رجوع کرنے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ شہری اپنی جائز شکایات کے ازالے کے لیے اس سہولت سے مؤثر انداز میں استفادہ کر سکیں۔
ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب محمد شفیق احمد نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور سرکاری محکموں سے متعلق اپنی جائز شکایات اور مسائل کے حل کے لیے موبائل آؤٹ ریچ وین سے رجوع کریں۔
انہوں نے کہا کہ دفتر محتسب پنجاب کا بنیادی مقصد شہریوں کو آسان، مفت اور مؤثر طریقے سے داد رسی کی سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ سرکاری اداروں میں بہتر طرزِ حکمرانی، شفافیت اور عوامی خدمت کے نظام کو فروغ دینا بھی ادارے کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
دریں اثناء نواحی علاقہ 26/2 آر اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں منعقدہ آگاہی پروگرامز کے دوران عوام اور طلبہ کو مختلف سرکاری محکموں سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے شکایات درج کرانے کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو دفتر محتسب پنجاب کے دائرۂ کار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی ریلیف سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔