اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ،ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن "ستھرا پنجاب” کے تحت ضلع اوکاڑہ میں عوام کو صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے کے لیے تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کا گرینڈ آپریشن پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ یہ جامع صفائی مہم ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی مشترکہ ہدایات پر شروع کی گئی ہے، تاکہ تمام شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔
صفائی کے اس وسیع گرینڈ آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ مینیجر علی رضا، سارکو سی ای او جہانگیر حسین، ایم ڈی ملک حسن سردار اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ملک زین اشفاق سرانجام دے رہے ہیں۔ جبکہ آپریشن کے عملی اقدامات کو مؤثر بنانے اور فیلڈ کے کاموں کی باقاعدہ نگرانی کے لیے سارکو پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر اور تحصیل مینیجر ارسلان احمد خود میدانی کارروائیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
گرینڈ آپریشن کے تحت مختلف تکنیکی اور جدید طریقوں کو بکارِ لایا جا رہا ہے۔ فیلڈ ٹیمیں مینول اور مکینیکل سویپنگ کے ساتھ ساتھ گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا عمل کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ نالیوں کی مکمل صفائی و ڈی سلٹنگ، مکینیکل واشنگ، اور کوڑے کے کنٹینرز کی بروقت لفٹنگ اور تلفی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تعفن اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ختم ہو سکے۔
شہر کی خوبصورتی اور ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے اہم شاہراہوں اور مرکزی چوکوں کی مشینری کے ذریعے دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ بھی روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ ستھرا پنجاب ایجنسی اور سارکو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تمام ٹیمیں اور مشینری فیلڈ میں پوری طرح فعال ہیں، جبکہ دیہی و شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو پائیدار اور پُراثر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔