خیبر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار نورحلیم آفریدی) تحصیل باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر تاجر برادری نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی سے قبل متعلقہ دکانداروں اور افراد کو باقاعدہ اور مناسب نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید ایاز وزیر، سینئر نائب صدر حاجی استکار، سابق صدر معراج آفریدی، محمد اسحاق اور دیگر تاجروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری تجاوزات کے خلاف کارروائی کے اصولی طور پر مخالف نہیں، تاہم کسی بھی کارروائی سے قبل قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو مناسب نوٹس دیا جانا چاہیے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ مکمل بازار کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے جہاں تجاوزات موجود ہیں، پہلے ان کی نشاندہی کی جائے اور متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کرکے تجاوزات ختم کرنے کے لیے مناسب مہلت دی جائے۔ ان کے مطابق اگر متعلقہ افراد نوٹس پر عمل درآمد نہ کریں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ٹی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہ کرنا بھی تشویش کا باعث ہے۔ باڑہ پہلے ہی مختلف مسائل اور مشکلات سے متاثرہ علاقہ ہے، اس لیے ایسے حالات میں کسی بھی کارروائی کو مناسب منصوبہ بندی، قانونی تقاضوں اور تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے ساتھ انجام دیا جانا چاہیے۔
تاجر رہنماؤں نے واضح کیا کہ تاجر برادری سڑکوں پر قائم تجاوزات کے خلاف ہے، تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ سڑکوں پر قائم غیر قانونی ٹیکسی اسٹینڈز اور ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف بھی یکساں طور پر کارروائی کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
تاجروں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لیا جائے، قانونی تقاضوں کے مطابق نوٹس جاری کیے جائیں اور تجاوزات ختم کرنے کے لیے مناسب مہلت دینے کے بعد ہی کارروائی عمل میں لائی جائے۔