عوام کے مسائل کا میرٹ پر حل اولین ترجیح ہے: قائم مقام ڈی پی او

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) قائم مقام ڈی پی او اوکاڑہ حافظ خضر زمان کی ہدایت پر شہریوں کے مسائل کے فوری اور بلا تاخیر ازالے کے لیے تھانہ اے ڈویژن میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس کھلی کچہری میں علاقے کے مرد و خواتین شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل، پولیس سے متعلق شکایات اور داد رسی کے لیے درخواستیں براہِ راست قائم مقام ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔

قائم مقام ڈی پی او حافظ خضر زمان نے فرداً فرداً تمام شہریوں کی شکایات کو نہایت غور سے سن کر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری قانونی اقدامات کرنے اور مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے تمام زیرِ تفتش اور زیرِ التواء درخواستوں کو میرٹ، انصاف اور قانون کے مطابق شفاف انداز میں حل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں بلاوجہ تاخیر یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

کھلی کچہری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ خضر زمان نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل فراہم کرنا پولیس کی بنیادی اور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام الناس کو سینئر پولیس افسران تک بلا جھجھک براہِ راست رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی شکایات کا شفاف اور بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

قائم مقام ڈی پی او نے انچارج کمپلینٹ سیل انسپکٹر میڈم ریحانہ کوکب کو خصوصی احکامات جاری کیے کہ وہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی مانیٹرنگ اور فالو اَپ کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کی درخواستوں پر کی جانے والی کارروائی کی موثر نگرانی کی جا سکے اور ان کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن سعادت اللہ بلوچ، ایکٹنگ ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن اظہار اللہ شاہ سمیت دیگر متعلقہ پولیس افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے