رینالہ خورد (سٹی رپورٹر) اخترآباد شیرگڑھ روڈ پر برائلر مرغیوں کی سپلائی کرنے والی مزدا وین کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ چک نمبر 25/1-اے ایل کے قریب پیش آیا۔ تیز رفتار مزدا وین نے مخالف سمت سے آنے والے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 35 سالہ ساجد محمود ولد درس ڈھلیانہ کو سر میں شدید چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور نعش کو ضروری کارروائی کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ وین کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔