گرانفروشی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی: ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام الناس کو بنیادی اور ضروری اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم پی اے میاں محمد منیر، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، انجمن تاجران کے نمائندگان اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر باہمی مشاورت سے ضلع بھر کے لیے اشیائے خورونوش کے نئے نرخوں کا تعین کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر انتظامی وسائل بکار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی تاجر کو من مانے ریٹس وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں گرانفروشی، ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں خود موجود رہیں اور بازاروں و مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے اور جہاں بھی خلاف ورزی پائی جائے، وہاں فوری ایکشن لیا جائے۔

اجلاس کے دوران ایم پی اے میاں محمد منیر نے تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اور دکاندار انتظامیہ کا ہاتھ بنیں اور عوام کو مناسب قیمتوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی ممکن بنائیں۔ انہوں نے تاجر رہنماؤ ں پر زور دیا کہ وہ عوام کو سہولت فراہم کرنے اور گرانفروشی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے