وزیراعلیٰ پنجاب کے کسان دوست منصوبے سے اوکاڑہ کے 102 بے روزگار افراد مستفید

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے انقلابی پروگرام "اپنا کھیت، اپنا روزگار” کے تحت ضلع اوکاڑہ میں کامیاب امیدواروں میں سرکاری زرعی اراضی کے الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد منیر نے پہلے مرحلے میں 102 خوش نصیب امیدواروں میں الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں تحصیل اوکاڑہ کے 29، دیپالپور کے 63 اور رینالہ خورد کے 10 کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹس فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شعجین وسطر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران، ضلع بھر سے آنے والے کاشتکاروں اور اہلِ دیہہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی فلاح اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب امیدواروں کو مکمل شفافیت کے ساتھ پانچ ایکڑ سرکاری زرعی اراضی دس سال کے لیے لیز پر دی جائے گی جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے کاشتکاری کے آغاز کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے سرکاری زرعی اراضی کا مؤثر استعمال ممکن ہوگا، بے روزگار افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے غذائی تحفظ کو بھی فروغ ملے گا اور دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ منصوبہ کسانوں اور بے روزگار افراد کی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کا طریقہ کار بھی انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

تقریب کے اختتام پر کامیاب امیدواروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پروگرام کو کسان دوست اور عوامی فلاح کا مؤثر منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے نہ صرف ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ زرعی شعبے کی ترقی اور ملکی غذائی پیداوار میں اضافے میں بھی مثبت کردار ادا ہوگا۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
QNN World

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے