مریم نواز کا ویژن: اوکاڑہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تین روزہ پروگرام کا انعقاد

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ پروگرامز کے سلسلے میں یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ٹیبلوز کے شاندار مقابلے منعقد کیے گئے۔ یہ مقابلے “ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں، قوموں کی عزت ہم سے ہے” کے عنوان کے تحت منعقد ہوئے، جس میں ضلع بھر سے یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لے کر اپنے فن کے جوہر دکھائے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر حماد احمد چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ یہ سب اس لیے ممکن ہوا ہے کہ خواتین نے وقت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالتے ہوئے مردوں کے شانہ بشانہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی آج پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور آرٹس کونسل میں اس نوعیت کے مقابلے مسلسل منعقد ہوتے رہنے چاہئیں تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے اور نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔

ان سخت مقابلوں میں پہلی پوزیشن سمیرہ شوکت اور ان کی ٹیم نے حاصل کر کے 30 ہزار روپے کا انعام اپنے نام کیا۔ رابعہ ریاست اور ان کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 25 ہزار روپے جبکہ شہرام اسلم اور ان کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے 20 ہزار روپے کا نقد انعام جیتا۔ ان ٹیبلو مقابلوں کو دیکھنے کے لیے خواتین، طلبہ، طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ متعدد اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کی طالبات نے بطور سامعین اور مبصرین شرکت کر کے آرٹس کونسل کی اس تعلیمی و ثقافتی کاوش کو دل کھول کر سراہا۔ آخر میں ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فن و ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے