دیپال پور: مبینہ پولیس مقابلے میں 48 مقدمات میں مطلوب بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہلاک

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے دیپال پور میں تھانہ صدر کی حدود کے گاؤں مول موسہ میں پولیس اور خطرناک ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین مسلح ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر کارروائی کی گئی، تو وہاں موجود ملزمان اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ فائرنگ رکنے پر تلاشی کے دوران ایک ڈاکو کی لاش ملی جس کی شناخت امانت کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والا ملزم بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا اور اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی اور سرقہ سمیت 48 سنگین مقدمات میں اوکاڑہ اور پاکپتن سمیت مختلف اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے لوٹی گئی نقدی، موبائل فونز، اسلحہ اور ٹرانسفارمر چوری کی وارداتوں میں استعمال ہونے والے جدید آلات برآمد کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد رات کے اندھیرے میں فرار ہونے والے دیگر تین ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے