غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی، اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ شہید

غزہ (کیو این این ورلڈ) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ عزالدین الحداد جمعہ کی شام غزہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس بزدلانہ حملے میں عز الدین الحداد کی اہلیہ، بیٹی اور دیگر کئی فلسطینی شہری بھی جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔ حماس نے اس کارروائی کو غزہ میں جاری جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی اور بے گناہ شہریوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا تسلسل قرار دیا ہے۔

حماس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عزالدین الحداد، جنہیں "ابو صہیب” کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، القسام بریگیڈز کے سربراہ تھے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی مزاحمت، جدوجہد اور فلسطینی عوام کے دفاع کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ان کی شہادت اور جنگ بندی کے باوجود جاری اسرائیلی کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اسرائیل تمام بین الاقوامی قوانین کو پسِ پشت ڈال کر صرف طاقت کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ میں ایک فضائی حملے کے دوران عزالدین الحداد کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے خود فوج کو عزالدین الحداد کو ہدف بنانے کا خصوصی حکم دیا تھا۔ اسرائیلی حکام کا اصرار تھا کہ عزالدین الحداد اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں پر حملوں سمیت اغوا کی کارروائیوں کے ذمہ دار تھے، جبکہ انہوں نے یرغمالیوں کو حراست میں رکھنے اور اسرائیلی افواج کے خلاف کارروائیوں کی قیادت بھی کی تھی۔ اسرائیلی قیادت نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ یہ تمام دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ اسرائیل جلد یا بدیر ان تک پہنچ جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے