ٹھٹہ پولیس کی بڑی کارروائی: مہنگی گاڑی کے خفیہ خانوں سے گٹکا مٹیریل برآمد، 2 اسمگلر گرفتار

ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ایس ایس پی ٹھٹہ کی خصوصی ہدایت پر منشیات اور مضرِ صحت اشیاء کے خلاف جاری مہم کے دوران مکلی پولیس اور سی آئی اے نے مشترکہ طور پر ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ مکلی سب انسپیکٹر زاہد حسین پنہور اور انچارج سی آئی اے ٹھٹہ سب انسپیکٹر زلیدار خان پٹھان نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ گرڈ اسٹیشن مکلی تا شاہ مراد لنک روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک ایم جی (MG) گاڑی نمبر AEW-036 کو روک کر تلاشی لی۔

خفیہ اطلاع پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران پولیس نے جب جدید گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی تو اس کے بونٹ، ڈگی، دروازوں اور نہایت مہارت سے بنائے گئے خفیہ خانوں اور درازوں سے بھاری مقدار میں اسمگل کیا جانے والا گٹکا مٹیریل برآمد ہوا۔ پولیس نے موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان ملک بخش ولد غلام نبی مری اور ممتاز رفیق ولد محمد رفیق بروہی کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان حب چوکی کراچی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، جن کے قبضے سے ملنے والی قیمتی ایم جی گاڑی کو بھی پولیس نے فوری طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار اسمگلروں کے خلاف تھانہ مکلی پر گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر نیٹ ورک کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ دوسری جانب ایس ایس پی ٹھٹہ نے اس اہم کامیابی پر مکلی پولیس اور سی آئی اے ٹیم کو نقد انعام اور شاباش دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے گٹکا، ماوا اور دیگر مضرِ صحت اشیاء کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے